کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا آصف زرداری پر بینظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا الزام جوابی وار ہے، بینظیر بھٹو قتل کیس فیصلے کے بعد بی بی کے بچوں نے پرویز مشرف کو مرکزی ملزم قرار دیا جس کے ردعمل میں پرویز مشرف نے آصف زرداری پر الزام لگایا ہے،بینظیر قتل پر پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف دونوں ہی صرف بلیم گیم کھیل رہے ہیں، شریف خاندان کا مفاد اسحاق ڈار کے پاکستان واپس نہ آنے میں ہے،اسحاق ڈار پاکستان واپس نہیں آئے تو لائے جائیں گے، جس طرح ہاؤس آف شریف سمٹ رہا ہے اور مقدمات کھل رہے ہیں تو نواز شریف کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ لڑنا ہے یا بچنا ہے،نواز شریف جی ٹی روڈ پر جنگ کا اعلان کر کے خود باہر چلے گئے، اب ان کی فوج انتظار میں ہے کہ جنرل کب واپس آئے گا اور دوبارہ جنگ کا اعلان کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، بابر ستار، شہزاد چوہدری، حفیظ اللہ نیازی، امتیاز عالم اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال مشرف کا آصف زرداری پر بینظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا الزام! وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ پرویز مشرف کے آصف زرداری پر الزام میں ان کا غصہ نظر آرہا ہے، بینظیر قتل پر پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف دونوں ہی بلیم گیم کھیل رہے ہیں، دونوں ہی اپنے ادوار میں بینظیر کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرواسکے،بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد اب ان کے مقدمے کا بھی قتل ہوگیا ہے جس میں مشرف اور زرداری برابر کے ذمہ دار ہیں،بینظیر بھٹو قتل سے متعلق شواہد مٹادیئے گئے اور اس سے منسلک لوگ ختم کردیئے گئے ہیں،بینظیر بھٹو قتل کیس کی طرح مرتضیٰ بھٹو قتل کیس کو بھی خراب کیا گیا تھا، پرویز مشرف اور آصف زرداری 2008ء کی ایگزیکٹ اسٹریٹجی کے بارے میں بتائیں۔
شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا آصف زرداری پر بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام پیپلز پارٹی کی عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا ردعمل ہے،پرویز مشرف اور آصف زرداری گڑے مردے اکھاڑ رہے ہیں،پرویز مشرف کو اب ٹیلی ویژن اسکرین سے ہٹ جانا چاہئے،ان کے فرمودات کسی بھی طرح پاکستان کی مدد نہیں کررہے ہیں، بینظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانی تھیں تو پھر کیا الطاف حسین غلط تھا جو ہمیشہ اقوام متحدہ پرinvoke کرتا تھا، اسے تو غدار بنا کر یہاں سے نکال دیا گیا، جب آپ اقوام متحدہ کو اپنے سر پر بٹھالیتے ہیں تو خدارا الطاف حسین کو بھی واپس آنے کا راستہ دیجئے۔بابر ستار نے کہا کہ پرویز مشرف بینظیر بھٹو قتل کیس پر شکوک پیدا کرنا چاہتے ہیں،بینظیر بھٹو قتل کو انجام تک نہ پہنچانے میں مشرف کے ساتھ پیپلز پارٹی بھی ذمہ دار ہے،دونوں ہی اپنے ادوارِ حکومت میں تحقیقات کرنے میں ناکام رہے۔امتیاز عالم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو قتل کیس فیصلے کیخلاف اپیل میں پرویز مشرف کو نامزد کیا ہے اسی ردعمل میں وہ آصف زرداری پر الزام لگارہے ہیں، پرویز مشرف کو آصف زرداری پر اس لئے بھی غصہ ہے کہ انہوں نے مواخذے کا کارڈ کھیل کر انہیں اقتدار چھوڑنے پر مجبور کردیا تھا،بینظیر بھٹو نے بھی اپنی آخری ای میل میں اپنی ممکنہ شہات کا ذمہ دار پرویز مشرف کو قرار دیا تھا۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی دونوں ہی بینظیر بھٹوکے قاتلوں کو سزا دلوانے میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی بینظیر بھٹو کی شہادت کو اپنی سیاست کے تسلسل کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے، پرویز مشرف کا آصف زرداری پر بینظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا الزام جوابی وار ہے،بینظیر بھٹو قتل کیس فیصلے کے بعد بی بی کے بچوں نے پرویز مشرف کو مرکزی ملزم قرار دیا جس کے ردعمل میں پرویز مشرف نے آصف زرداری پر بینظیر قتل کا الزام لگایا ہے۔دوسرے سوال اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری اور لندن روانگی، کیا ملک واپس آئیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ اسحاق ڈار وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود ملک واپس آئیں گے،اسحاق ڈار بطور وزیرخزانہ استعفیٰ دیدیں گے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ اسحاق ڈار جلد یا بدیر ملک واپس آئیں گے، وقت طے کرے گا کہ شوکت عزیز نے مشرف کو زیادہ نقصان پہنچایا تھا یا اسحاق ڈار نے نواز شریف کو زیادہ نقصان پہنچایا ہے،اسحاق ڈار نے کسی اور کا نقصان کیا ہو یا نہیں،ملک کا بہت نقصان کیا ہے۔