ملتا ن (سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین احساس ترین اور اللہ کی نعمتوں سے مالا مال حصہ ہے ۔ بلوچستان کے عوام اپنے سیاسی، معاشی، جان مال اور عزت کے تحفظ کا حق چاہتے ہیں ۔ سی پیک کا مرکز و محور گوادر ہے ۔ ترقی کے ثمرات کا پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے ۔ ایٹمی دھماکے کیلئے چاغی کا علاقہ استعمال ہوا ، لیکن بعد میں بلوچستان کے عوام سےکئے گئے تمام وعدے بھلا دیئے گئے ۔ حکمران و پالیسی ساز اپنی روش بدلیں اور عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار ، پینے کا صاف پانی ، شہری انسانی حقوق دیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پاس وزارت سے چمٹے رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ۔ وزارت چھوڑ دیں اور احتساب عدالت میں اپنی صفائی دیں ۔ ملک کی معیشت کو اور زیادہ تباہی اور بدنامی سے دوچار نہ کریں ۔ نوازشریف خاندان کو احتساب عدالتوں میں پیش ہونا ہوگا وگرنہ سیاست سے بے دخلی نوشتہ دیوار ہے ۔ دریں اثناء نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ آٹھ ہزار روہنگیا مسلمان مرد و خواتین بدھ دہشتگردوں اور میانمار فوج کے گھیراؤ میں ہیں اور خدانخواستہ ان پر کسی وقت بھی قیامت ٹوٹ سکتی ہے ۔ روہنگیا مسلمانوں کو مذمتی قرار دادوں کی نہیں ، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔