کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پرویز مشرف کے ویڈیو بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ 2007ء میں پرویز مشرف نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو پاکستان واپس نہ آنے کی دھمکی دی تھی اور جان بوجھ کر ایک منظم سازش کے تحت ان کو پورے ملک میں سیاسی دوروں کے دوران مشرف حکومت نے سکیورٹی فراہم نہیں کی تھی جو کہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پرویز مشرف اور ان کے حواری بینظیر بھٹو شہید کے قتل کی سازش کا منصوبہ پہلے سے بنا چکے تھے۔ انہوں نے پرویز مشرف کے آصف علی زرداری کے خلاف الزامات کو چور مچائے شور کے مترادف قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو جھوٹے کیسز کے ذریعے 11سال قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں آخر میں فتح حق اور انصاف کی ہوئی اور وہ نیب کیسز سے باعزت بری ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد کمانڈو اتنا ہی بہادر ہے تو پاکستان واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔