لاہور (جنرل رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے نواز شریف دشمنی میں ایک غاصب کی بدنیتی پر مبنی ترمیم کی حمایت کر کے بے نظیر بھٹو کے نظر یے اور جدوجہد کی نفی کی ہے۔ پارٹی سربراہ کے لئے ایم این اے بن سکنے کی اہلیت کی شرط غاصب مشرف نے آئین کا حصہ بنائی تھی تاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کا راستہ روکا جا سکے ۔ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور مہذب اقوام کو بھارتی درندگی کا نوٹس لینا ہو گا بھارتی سرکار ہندوستان کے اندر اور باہر دہشت گردی کی بڑی ایکسپورٹر ہے،انہوں نے کہا کہ بے لگام بھارتی فوج ہر قسم کی ریاستی اور غیر ریاستی دہشت گردی کا باقاعدہ حصہ ہے ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 6 معصوم پاکستانیوں کی شہادت درندگی اور سفاکی کی انتہا ہے ۔