برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) سابق صدر پرویز مشرف کی زبان عدالت سے مفرور قرار دیئے جانے کے بعد کھلی، اگر وہ سب کچھ جانتے تھے تو اپنے دور اقتدار میں پوری قوت سے بینظیر بھٹو کیس کی پیروی کرکے حقائق سامنے لاتے۔ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی ہر روز مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق چیف آرگنائزرالحاج راجہ گلتاسب خان نے اپنے بیان میں کیا۔ راجہ گلتاسب خان کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف پیپلز پارٹی کے قائدین کیخلاف زبان درازی کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے قائدین کے خلاف الزامات مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آنے والے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت تشکیل دے گی۔پرویز مشرف الزامات کے ذریعے بچ نہیں پائیں گے۔ عدالتیں ریڈ وارنٹ کے ذریعے وطن واپس لاکر ٹرائل کریں گی۔