راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلع راولپنڈی میں بھٹہ خشت سکول پروگرام کے تحت 132بچوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ پنجاب حکومت کے جاری کردہ پروگرام کے تحت بھٹہ خشت پر کام کرنے والے مزدوروں کے 487بچے اور بچیاں سکولوں میں داخل کرائے گئے ہیں۔ بھٹہ مزدور بچوں کی سکول انرولمنٹ کی تصدیق کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر محکمہ لیبر اور ایجوکیشن نے ملکر سروے کرکے رپورٹ جاری کی ہے جس کے تحت بھٹہ مزدوروں کے سکول جانے والے بچوں میں 212لڑکیاں اور 275لڑکے ہیں جن میں سے 365بچے اور بچیاں سرکاری سکولوں جبکہ 119پرائیویٹ اور تین غیررسمی سکولوں میں جا رہے ہیں۔ راولپنڈی میں تین بھٹہ خشت کے 42بچے ہیں جن میں 17لڑکیاں اور 25لڑکے ہیں۔ 19سرکاری اور23 پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سروے میں پانچ کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ سابقہ پوٹھوہار ٹائون میں 186بچے 22بھٹوں سے سکولوں میں ہیں جن میں 80لڑکیاں اور 106لڑکے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں 133پرائیویٹ 50اور غیررسمی سکولوں میں تین ہیں۔ 48سکول جانے والے بچوں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ کلرسیداں میں سو بچے سکول جا رہے ہیں جن میں سے دس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ان میں 44لڑکیاں اور 56لڑکےہیں جن میں سے 78سرکاری سکولوں اور 22پرائیویٹ اداروں میں ہیں۔ ٹیکسلا میں 159بچے ہیں جن میں 71لڑکیاں اور 88لڑکے ہیں۔ ان میں سے 69کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ سرکاری سکولوں میں جانے والوں کی تعداد 135جبکہ پرائیویٹ میں 24داخل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر87ہزار 27بھٹہ خشت خاندانوں کے 126766بچوں کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد سے 48ہزار سے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا جا چکاہے۔