راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) فیض آباد کے پاس مری روڈ پر ڈیوائیڈر پر پودوں کے اندر چھپے بڑے بڑے گڑھے سیکورٹی رسک بنےہوئے ہیں مگر پی ایچ اے کے حکام مسلسل اس سلسلے میں لاپرواہی برت رہے ہیں ، یہاں پر بعض مقامات سے ڈیوائیڈر میں لگے لوہے کے جنگلے بھی ٹوٹے پڑھے ہیں، تقریباً ایک درجن جگہ سے ٹف ٹائلز غائب ہو چکی ہیں ، بجلی کے پولز لگانے کیلئے یہاں پر گڑھے کھودے گئے تھے جن کو بھرا ہی نہیں کیا گیا ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کے حکام کی عدم توجہ سے باعث گزشتہ سال ڈیڑھ سال سے ان گڑھوں کی بھرائی کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہے ، یہاں پر ایک جگہ سے جنگلا بھی ٹوٹ پڑا ہے مگر اس کی مرمت کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ہے جبکہ یہاں پر مزید جنگلے بھی ٹیڑھے ہوئے ہیں جو کسی بھی وقت گر سکتے ہیں، فیض آباد پل سے لیکر پٹرول پمپ کے سامنے یوٹرن تک ڈیوائیڈر (گرین بیلٹ) میں پڑے بعض گڑھے سیکورٹی رسک بھی قرار دیئے جا رہے ہیں ۔