• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت آئین میں کی گئی ترمیم واپس لے ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت  آئین میں کی گئی  ترمیم  واپس لے ،ہم حکمران پارٹی کی طرف سے کی گئی آئین میں اس ترمیم کی مذمت کرتے ہیں، عوام نے حکومت کو اس لئے مینڈیٹ نہیں دیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر شب خون مار دے، اب وہ شخص کبھی بھی اہل نہیں ہوسکتا جسے عدالت نے نااہل قرار دیا نہ وہ پاکستان کی قیادت کرسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر کے علاقہ طوطالئی میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سراج الحق نے کہا کہ آنے والے انتخابات غلامان امریکہ اور غلامان محمد کے درمیان معرکہ ہوگا اور اس معرکے میں عوام اب غلامان محمد کے صف میں کھڑے ہونگے،بونیر اسلام کا قلعہ ہے اور آنے والے انتخابات میں بونیر کے عوام غلامان محمد کو ووٹ دینگے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور اس جدوجہد میں اب عوام جماعت اسلامی کی پشت پر کھڑے ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ ہم حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم کسی بھی ایسے فیصلے کی مذمت کرینگے جس سے اعلیٰ عدلیہ کا وقار مجروح ہو۔ اگر یہ روایت چل پڑی تو کوئی بھی طاقتور مجرم سیاسی جماعت کا سربراہ بن کر آئینی اداروں کا مذاق اڑانا شروع کر دے گا اور جرائم پیشہ لوگ سیاسی جماعتوں میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہو جائیں گے۔ ملک میں ایسے بڑے بڑے چور ہیں جن کے معدے جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات کو بھی ہضم کرلیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کرپشن کے الزامات ہیں، کلین چٹ ملنے تک اسحاق ڈار کو وزارت سے الگ ہوجانا چاہئے۔

تازہ ترین