• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت بینظیر قتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے، گورنر سندھ

Court Show Interest On Benazir Murder Case Governor Sindh

گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہےکہ عدالت پاناما کیس کی طرح بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے۔

جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے 3 شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈز کی اسکیم شروع کی، سندھ میں جو کام صوبائی حکومت کا ہے وہ وفاقی حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ملک میں امن کا قیام ہے، 2013ء میں جب وفاقی حکومت آئی تو ہر جگہ دھماکے ہوتے تھے لیکن اب امن قائم ہوچکا ہے۔

محمد زبیر کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور امن امان کی ہی بحالی کے باعث سرمایہ کار کراچی کا رخ کررہے ہیں۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہورہی ہے، ترقی کا نظام بہتر کرنا ہے توعوام الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹوکے قاتلوں کی عدم گرفتاری افسوسناک ہے لیکن جہاں الزامات لگائے جاتے ہیں تو صفائی کا موقع بھی دیاجاناچاہیے جبکہ عدالت پاناما کی طرح بے نظیر بھٹوقتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مائنس ون کافیصلہ عوام کی طرف سے کیاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دعوت میں کل کراچی میں شریک ہوا تھا، سندھ کا گورنر ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں۔

 

تازہ ترین