وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہمیں ایک بڑی جنگ کا سامنا ہے سرحد پار سے دہشت گرد آکر صوبے میں دہشت گردی کرتے ہیں، اللہ کے فضل سے ہم کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، پہلے ہم دہشت گردوں کے محاصرے میں تھے اب دہشت گرد ہمارے محاصرے میں ہیں اور جلد ان کا مکمل قلع قمع کر دیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان اور عاشورہ محرم کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس کو آئی جی پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں محرم کی مجالس اور عاشورہ کے جلوسوں کے لیے فول پروف سیکورٹی اقدامات کئے گئے ہیں، جن میں امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے اضافی نفری کی تعیناتی ، ضلع ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر مانیٹرنگ رومز کا قیام ، جلسوں کی مانیٹرنگ کے لیے کیمروں کی تنصیب سمیت دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں۔
ماضی کی طرح اس سال بھی عاشورہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کی سوئپنگ، پلگنگ اور فضائی نگرانی کی جائے گی، ایف سی ، پولیس اور لیویز اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ پاک فوج کی بھرپور معاونت بھی حاصل رہے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں اور سیکورٹی ہائی الرٹ ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ 9اور 10محرم کو کوئٹہ سمیت جن علاقوں میں جہاں عاشورہ کے جلوس برآمد ہوتے ہیں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔