• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیورکپ ٹینس، فیڈر نے یورپ کو افتتاحی ٹائٹل کا حقدار بنادیا

پراگ ( جنگ نیوز) پراگ میں ہونے والے لیور کپ میں اتوار کو ٹیم یورپ نے ٹیم ورلڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نا م کر لیا۔ سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے اعصاب شکن ٹائٹل میچ میں ورلڈ ٹیم کے نک کریگوس کے خلاف فتح کے ساتھ اپنی ٹیم کو اعزاز کا حقدار بنادیا۔ جمعے سے شروع ہونیوالے کھیل کے پہلے دن چار میچز ہوئے سنگلز مقابلوں میں میرین کلچ نے امریکا کے فرانسس تائیفوئی کو 7-6، 7-6سے شکست دی ۔ٹیم یورپ کے ڈومنیک تھائم نے ٹیم ورلڈ جان ازنر کو زیر کیا ۔ تیسرے میچ میں الیگرزینڈر زیوریو نے ٹیم ورلڈ کے ڈینس شپالووا کو ہرایا،جبکہ ڈبلز میں بھی ٹیم ورلڈکو کامیابی حاصل ہوئی جہاں برڈچ اور نڈال کو کریگوس اور جیک سوک کے ہاتھوں 6-3،6-7،10-7سے شکست ہوئی۔دوسرے روز کھیلے جانے والے سنگلز مقابلوں میں بھی ٹیم یورپ کا پلڑا بھار ی رہا ۔سنگلز مقابلوں میں راجر فیڈرر نے سیم کوئیری کو 6-4، 6-2سے شکست دی ۔

دوسرے میچ میں رافیل نڈال نے جیک سوک کو 6-3، 3-6، 11-9سے زیر کیا ۔تیسرے میچ میں ٹیم ورلڈ کو کامیابی حاصل ہوئی جب نک کریگوس نے ٹوماس برڈچ کو 4-6، 7-6، 10-6سے زیر کیا ۔ ڈبلز مقابلوں میں دوسرے روز بھی ٹیم یورپ کو فتح ملی ۔ فیڈرر اور نڈال کی جوڑی نے ٹیم ورلڈ کے کوئیری اور سوک کو 6-4، 1-6، 10-5سے ہرایا۔کھیل کے آخری روز اتوار کو ڈبلز مقابلوں میں ٹیم ورلڈ کو کامیابی ملی ۔ جیک سوک اور جان ازنر کی جوڑی نے برڈچ اور کلچ کی جوڑی کو 7-6، 7-6سے ہرایا۔دوسری جانب سنگلز مقابلوں میں ٹیم یورپ نے دو جبکہ ٹیم ورلڈ نے ایک میچ جیتا ۔الیگزینڈر زیوریو نے سیم کوئیری کو 6-4، 6-4سے زیر کیا ۔دوسرے میچ میں نڈال کو ازنرنے 7-5، 7-6سے ہرایا۔جبکہ تیسرے میچ میں نک کریگوس کو فیڈرر کے ہاتھوں  4-6، 7-6، 11-9سے شکست دی ۔اس طرح تین روزہ کھیل میں ٹیم یورپ نے ٹیم ورلڈ کو 9 پوائنٹس کے مقابلے میں 15 پوائنٹس سے ہرا کر لیور کپ 2017 کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔واضح رہے کہ لیور کپ کا انعقاد پہلی بار کیا گیا تھا جس ٹینس کے دنیا بھر میں چاہنے والوں نے بھر پور پذیرائی کی ہے ۔ لیور کپ میں میں یورپ کے ٹاپ ٹینس پلیئر ز کا مقابلہ دنیا بھر کے دیگر ٹاپ پلیئرز کیساتھ تھا ۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ پہلی بار اس ایونٹ کا انعقاد ٹینس کے چاہنے والوں کی خواہش پر کیا گیا تھا ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ٹکٹ دنیا بھر کے50سے زائد ممالک سے خریدے گئے ہیں ۔ منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو زیک کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کو پہلی بار ہی کسی گرینڈ سلم ایونٹ کی طرح کوریج ملی ہے ۔ آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ 83 ہزار 273 افراد نے پراگ میں ہونے والے اس کھیل کے پانچ سیشز میں شرکت کی ۔ پراگ کے او ٹو ارینا میں 16 ہزار سات سو افراد کے ایک وقت میں بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ 

تازہ ترین