• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتیں پاناما جتنی دلچسپی بینظیر قتل کیس میں لیتیں تو قابل بے نقاب ہوچکے ہوتے، گورنر سندھ

جیکب آباد(نامہ نگار )گورنر سندھ محمد زبیر خان نے کہاہے کہ پاکستان کی عدالتوں نے جتنی دلچسپی پاناما کیس میں لی اتنی شہید بینظیر بھٹو کے کیس میں لیتیں تو آج اصل قاتل بے نقاب ہوچکے ہوتے، پرویز مشرف اگر حقیقی کمانڈوہیں تو پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں، ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر زرداری کو قاتل کہنا مناسب نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں وزیر اعظم صحت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ضلع جیکب آبادسمیت سندھ کے تین اضلاع حیدر آباد ،ٹھٹہ میں صحت کارڈ جاری کرکے عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا،مسلم لیگ ن کا پہلا کارنامہ یہ ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں مکمل امن بحال کیا،سندھ کی حکومت صوبے کو ترقی دینے اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے، صوبائی حکومت کا کام وفاق سرانجام دے رہاہے ، نوسالہ پنجاب اورسندھ حکومت کی کارکردگی کاموازنہ کریں تو پنجاب ترقی کی راہ میں سب سے آگے جبکہ سندھ سب سے پیچھے ہے،اس سے بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے صوبے کے عوام سے مخلص ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے اپنے صوبے کے عوام کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا، صرف کرپشن کی ہے،انہوں نے کہاکہ بحیثیت گورنر سندھ میری بھی خواہش ہے کہ سندھ بھی پنجاب جیسی ترقی کرے،گورنرسندھ نے کہاکہ لاڑکانہ کے بعد جیکب آبادکو بڑی تعداد میں فنڈزملے لیکن شہر کی حالت زار قابل رحم ہے نوسال میں 45ارب سے زائد کی کرپشن ہوئی نیب کو کہوں گاکہ اس کی تحقیقات کرے ،تقریب سے اسلم ابڑو، طارق چوہدری ،اسد جونیجو ،سردار سجاد بلیدی ،شاہ محمد شاہ اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین