کوئٹہ( نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ راشد محمود کی عدالت نے جسٹس محمد نواز مری قتل کیس میں نامزد نوابزادہ گزین مری کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی، نوابزادہ گزین مری نے جسٹس نواز مری قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ سےحفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی تھی اور گذشتہ روز انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ کی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی پیر کو سماعت کے بعد عدالت نے جسٹس نواز مری قتل کیس میں نوابزادہ گزین مری کی دس لاکھ روپے کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی اور انہیں پانچ اکتوبر تک عبوری ضمانت دیدی، ان کی جانب سے ارباب محمد طاہر ایڈووکیٹ نے پیروی کی،واضح رہے کہ نوابزادہ گزین مری کوہلو کے ہنجرا تھانے میں درج قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں بھی گرفتار اور پانچ روزہ ریمانڈ پر ہیں ۔