پشاور(نمائندہ جنگ) جونیئر اسکواش کھلاڑیوں کا دستہ قطر جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ اور دوحا اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قطر روانہ ہوگیا۔
اسکواش کے میدان میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے پاکستان اسکواش فیڈریشن اورخیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام باصلاحیت کم عمرکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس کے تحت قطر کے دارالحکومت دوحا میں 27 ستمبر سے شروع ہونے والے اسکواش کے دو اہم مقابلوں قطر اوپن اور دوحا اوپن میں شرکت کے لئے مختلف جونیئر کیٹگریز کے کھلاڑیوں کا ایک دستہ کوچ وزیر خان کی سرکردگی میں منگل کے روزبا چاخان ایئرپورٹ پشاور سے روانہ ہوا جن میں انڈر19کیٹگری کے عباس زیب، ذیشان ملک، انڈر17کے راشد دولت، انڈر15 کے خوشحال ریاض خان، علی شیر، بلال خان، عباس نواز اور عماد خان شامل تھے سینئر کوچ اور سابق ورلڈ نمبر12 امجدخان نے دستے کو رخصت کیا ۔
امجد خان نے کہا کہ پاکستان میں اسکواش کے فروغ کے لئے فیڈریشن کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، ایئر مارشل شاہد علوی، سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان اور نائب صدر قمر زمان کی قابل قدر کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔