کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ مشرف کا غیر آئینی اقتدار ہی اسے قومی مجرم ثابت کرنے کے لئے کافی ہے اپنے اس مسلط کردہ اقتدار کو طوالت دینے کے لئے سرزدہونے والی ناقابل معافی غلطیاں بنی ہیں بے نظیر بھٹو اور نواب اکبر خان بگٹی کا قتل لال مسجد ودیگر قومی سانحات کے زخم آج بھی تازہ ہیں پلیٹ میں ملے اقتدار کے مزے لوٹنے والا یہ فراری ایک مرتبہ پھر اقتدار کے حصول کی خاطر قوم کو تقسیم درتقسیم کردینے اور مصنوعی انتشار سے دو چار کرکے سامراجی ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر سرگرم ہو چکا ہے صادق عمرانی نے کہا کہ پاک فوج ایف سی و دیگر ادارے ہماری قومی وحدتوں کی حفاظت کے امین ہیں اور قوم کا بچہ بچہ سرفروشی کے جذبے سے سرشارمادروطن کی سالمیت و استحکام کے لئے اپنی بہادرافواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے امن کی خواہش ہماری کمزوری ہے بلکہ ہم تمام تر اشتعال انگزی کے باوجود خطے میں بسنے والے اربوں انسانوں کو ناقابل تباہی و بربادی سے بچالینے کی خواہش رکھتے ہیں۔