لندن (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر اور آصف زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے این اے120میں بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کے لئے مشکل وقت میں مریم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے اپنے اقدامات سے ثابت کر دیا کہ وہ نواز شریف کے دوست نہیں بلکہ خود غرض ہیں۔ ڈاکٹر عاصم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مریم نواز شریف نے اچھی مہم چلائی تاہم چوہدری نثار نے ان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار مشکل وقت میں دوستوں کے ساتھ کھڑے رہنا مجھ سے سیکھیں، میں نے آصف زرداری کے لئے دو سال جیل کی نذر کرائے تاہم باکردار رہا۔
چوہدری نثار کو پتہ ہے کہ ان کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔ ان کا پاکستان میں کچھ نہیں ان کی فیملی امریکہ میں رہتی ہے اور وہ بھی بالآخر امریکہ شفٹ ہو جائیں گے۔ نواز شریف کو سمجھ لینا چاہئے کہ چوہدری نثار ان سے مخلص نہیں اور نہ ان کے دوست ہیں۔ ان کی کوئی اخلاقیات نہیں۔ اس لئے نواز شریف ان سے محتاط رہیں۔ چوہدری نثار نے سوائے طویل تقریروں کے پاکستان کے لئے کچھ نہیں دیا۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ احسن اقبال کی قیادت میں وزارت داخلہ بہتر کام کر رہی ہے جو اسوقت ثابت ہوگیا جب وزیر داخلہ نے میرے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی درست توضیح کی۔
ڈاکٹر عاصم نے اپنے خلاف الزامات کو ہنسی میں اڑاتے ہوئے کہا کہ دو سال میں ان کے خلاف کچھ ثابت نہ ہو سکا اور استغاثہ کے پاس ان کے خلاف کیس نہیں۔ ان کی گرفتاری آصف علی زرداری کو دبائو میں لانے کے لئے تھی ان سے دوران حراست زرداری کے خلاف بیان دینے کے لئے کہا گیا اور درحقیقت ان کے خلاف ایف آئی آر اصف زرداری کے خلاف تھی میری گرفتاری کے معمار چوہدری نثار ہیں جن کو نواز شریف کی منظوری حاصل تھی۔