کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں شر کت کے لئے قومی ہاکی ٹیم آٹھ اکتوبر کو ڈھاکا روانہ ہوگی، قومی ہاکی کیمپ میں عاشورہ کی وجہ سے ہفتےکو ٹریننگ سیشن نہیں ہوا جبکہ اتوار کو بھی آرام کا دن ہوگا، کھلاڑی پیر سے دوبارہ پریکتس شروع کریں گے، پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت خان نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑی فٹ ہیں، اس ایونٹ کے لئے اچھی اور مضبوط ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، ایشیا کپ میں پاکستان کو بھارت اور کوریا جیسی خطر ناک ٹیموں کا سامنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ پول میں ہمیں بنگلہ دیش اور جاپان کا بھی سامنا ہوگا ، بنگلہ دیش کو ہوم گرائونڈ ہوگا ، پول میچوں میں ٹاپ پوزیشن ہمارا پہلا ہدف ہے جس میں جیت سے ہم وکٹری اسٹینڈ کی جانب بڑھنے کی کوشش کریں گے،انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے لئے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے وہ فزیکلی فٹ ہیں، ایشیا کپ میں ہمارا اصل مقابلہ مہارت کے ساتھ ساتھ فٹنس پر بھی ہوگا، موجودہ ہاکی میں فٹنس اہم ہے جس کے بغیر کوئی بھی ٹیم فتح حاصل نہیں کر سکتی ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنانے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی ایشیا کپ میں اچھی پر فارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔