اسلام آباد(آئی این پی‘این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ خورشید شاہ نے بحیثیت چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی کرپشن پر آنکھیں بند رکھی ہیں ‘ ان کا ماضی داغدار ہے اس لئے تحریک انصاف نہیں سمجھتی کہ خورشید شاہ ملکی مفاد میں بہتر فیصلے کرسکتے ہیں‘ خورشید شاہ کی اپوزیشن میں تقسیم کی بات غلط ہے ‘ہر پارٹی اپنے فیصلے میں آزادہے،جلد متفقہ طور اپوزیشن لیڈر کیلئے نام سامنے لے کر آئیں گے ۔
ہفتہ کو خورشید شاہ کے دیئے گئے بیان کے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں آصف زرداری کی بادشاہت قائم ہے اور خورشید شاہ اس بادشاہ کے ادنی غلام ہیں‘ بادشاہ سلامت جو احکامات جاری کرتے ہیں خورشید شاہ اسی پر عمل کرتے ہیں‘ خورشید شاہ کے پاس بطور اپوزیشن لیڈر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کا بہترین موقع تھا لیکن انہوں نے حکومتی اقدامات پر تنقید نہیں کی‘خورشید شاہ پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین ہیں لیکن انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور اپنی پارٹی کی کرپشن پر آنکھیں بند کررکھی ہیں حالانکہ خورشید شاہ کا بحیثیت چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی فرض تھا کہ کرپشن کی تحقیقات کرتے اسی لئے ہمارا پیپلز پارٹی سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور پی ٹی آئی نہیں سمجھتی کہ یہ لوگ پاکستان کے مفاد میں صحیح فیصلے کرسکتے ہیں اس کے علاوہ ان کا ماضی بھی داغدار ہے اس لئے ہم نے قدم اٹھایا اور اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔