اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ حق کی سربلندی کیلئے حضرت امام حسینؓ نے لازوال قربانی دی۔ شہداء کربلا نے اسلام کو اپنے خون سے سینچا۔ حسینی فلسفہ کی روشنی میں دنیاو آخرت کی کامیابی کی راہ نظر آتی ہے۔ یوم عاشور کی مناسبت سے جاری کئے گئے بیان میں اے پی ایم ایل کے رہنمائوں نے کہا کہ حضرت حسینؓ نے اپنا قبیلہ قربان کر دیا مگر حق کا ساتھ نہ چھوڑا۔ جس کے نتیجے میں وہ بظاہر ہار کر بھی حقیقت میں عظیم فتح سے ہمکنار ہوئے۔ یہ دنیا بھر کیلئے ایک عظیم مثال ہے کہ نبی پاکؐ کے نواسہ نے عملی طور پر ثابت کیا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہئے۔ آج مسلم دنیا ہر جگہ ظلم و ستم کا شکار ہو رہی ہے اسکی بڑی وجہ یہی ہے کہ ظلم کے آگے ڈٹ جانے کی بجائے مصلحتوں کے شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کربلا کی عظیم قربانی میں دنیاو آخر ت کی کامیابی کا راز پنہاں ہے۔