• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہلم روڈ پر پلازے کے شیڈز پر دیواریں بنانے کی اجازت دینے کا انکشاف

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی طرف سے چند لاکھ روپے جرمانے کے عوض مبینہ طور پر جہلم روڈ پر زیر تعمیر پلازے کی پانچوں منزل پر بغیر کراس بیم ڈلے شیڈز پر دیواریں تعمیر کرنے کی اجازت دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، سابق سی ای او رانا رفیق نے چند ماہ قبل عوامی شکایات پر خلاف نقشہ پلازہ مالک کی طرف سے انہی شیڈز پر تعمیر کردہ دیواروں کو مسمار کروا دیا تھا ۔ شہریوں کا مؤقف تھا کہ کیا بغیر کراس بیم کے شیڈز اتنی لمبی اور اونچی دیواروں کا وزن برداشت کر پائیں گے جس کے جواب میں سابق سی ای او نے موقع کا دورہ کرتے ہوئے شعبہ انفورسمنٹ کے عملہ کو ہدایت کی تھی کہ شیڈز پر بنی ہوئی دیواروں کو فوری طور پر مسمار کر دیا جائے ، ان کے موقع پر دیئے گئے احکامات پر شیڈز پر سے دیواریں مسمار کروا دی گئی تھیں مگر چند ماہ بعد نئے سی ای او کے آنے کے بعد شعبہ بلڈنگ کنٹرول میں موجود عملے نے جرمانہ کے ساتھ اس کیس کی منظوری حاصل کر لی ہے اور موقع پر شیڈز پر دیواروں کی تعمیر شروع بھی کر دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے لینڈ برانچ کے حکام کا کہنا تھا کہ متعلقہ پلازے کی شیڈز پر دیواروں کی تعمیر کی اجازت تقریباً ساڑھے گیارہ لاکھ روپے جرمانہ کے بعد دیدی گئی ہے اور پلازے کا ریوائز ڈبلڈنگ پلان پاس کر دیا گیا ہے اس سے زیادہ ہم کچھ نہیں بتا سکتے ۔ دریں اثناءیہاں پر ہی جہلم روڈ پر مورگاہ موڑ پر بنے پلازوں کی بیسمنٹ سے پارکنگ کو غائب کر دیا گیا ہے مگر کینٹ بورڈ کا شعبہ بلڈنگ کنٹرول کا عملہ اس پر خاموش نظر آتا ہے ۔
تازہ ترین