اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ اور سابق صدر ِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اوچھل کود کی غیر سنجیدہ سیاست نے اپوزیشن کے کردار کو کمزور اور نون لیگ کی حکومت کو واک اوور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شپ خورشید شاہ کے پاس ہی رہے گی، تبدیلی کے خوا ہشمند اپنا شوق پورا کر لیں، یہ وقت اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا نہیں بلکہ الیکشن ریفارمز اور انتخابات کی تیاری کا ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی اس تبدیلی کے حق میں نہیں، ہمیں باقی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور سے زردار ی ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف زردار ی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، عالمی برداری کو نوٹس لینا چا ہئے ، مسئلہ کشمیر کا واحد حل حقِ خود ارادیت ہے پیپلزپارٹی کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی، نواز لیگ کی حکومت مسئلہ کشمیر پر سرد مہری کا شکار ہے۔