امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے آئینی ترمیم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو ذمے دار موجودہ حکمران ٹولا ہوگا۔
ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فرد اور خاندان کے بجائے میرٹ اورآئین کی حکمرانی ہو، جمہوریت کو خود حکومت کے رویے سے خطرہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، اگر ہماری سیاست اور جمہوریت فرد اور خاندان کے گرد گھومتی ہے تو یہاں جمہوریت نہیں آمریت قائم ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے کہ 436 افراد کا احتساب کیا جائے لیکن ان میں سے صرف ایک شخص کوسزا ہوئی اور نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوانوں، چوک چوراہوں اور عدالتوں میں کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کےفیصلوں پرچوک اور چوراہوں پر فیصلے ہونے لگے تو عدالت عظمیٰ جانے یا وکلا کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔