بیجنگ ( جنگ نیوز ) اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال کاتالونیا میں ہونے والے ہنگاموں پر دلگرفتہ ہیں۔ شمال مشرقی علاقہ کاتالونیا میں جاری تشدد نے انہیں آبدیدہ کردیا۔ اسپین سے علیحدگی کے معاملے پر ہونے والے متنازع ریفرینڈم کے بعد اتوار کو کاتالونیا میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کے بعد پولیس نے مداخلت کی تھی۔ ان ہنگاموں میں700 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ مناظر دیکھ کر نڈال کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ شرمناک ہے۔ اس ملک میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں اور پوری دنیا کے لئے مثالیں پیش کرتے ہیں۔ لیکن اس بار ہم نے دنیا کے سامنے منفی تصویر پیش کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کاتالونیا کی تحریک آزادی کے حامی نہیں۔