• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اصلاحات بل کی منظوری ‘ شیخ رشید کی سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انتخابی اصلاحات بل 2017 کی پارلیمنٹ سے منظوری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے ،منگل کے روز دائر کی گئی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی عوامی عہدہ کے لئے نااہلی کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر پارٹی صدر بنانے کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن)نے انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کرکے اسے سینیٹ اور پھر قومی اسمبلی سے منظور کرالیا ہے جس کی بنا پرمیاں نوازشریف ایک بار پھر پارٹی صدر بن گئے ہیں،درخواست گزار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے شخص کے لیے قانون میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی ہے ، بعد ازاں سپریم کورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار شیخ رشید نے کہا کہ اپنے وکلا ء کے ذریعے آئین سے شق نکالنے کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، جس شخص کو سپریم کورٹ کے 5 ججوں نے عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دیا ہے اس کو اہل بنانے کی کوشش کی گئی ہے، بنیادی بات یہ ہے کہ کوئی نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ نہیں ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین