• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہرقائد کی ابتر صورتحال ، سندھ حکومت اورمیئر ذمہ دار ہیں ، اسد عمر

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ جو کام وزیراعلیٰ اور میئر کے کرنے کے ہیں وہ ہمارے کارکن کررہے ہیں ۔اس شہر کی جو ابتر صورتحال ہے اس کی ذمہ دار سندھ حکومت اور میئر کراچی ہیں ۔ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف سب بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ۔ملکی دولت لوٹنے اور غیرممالک میں محلات بنانے والوں کو عوام کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔اس وقت ملک نازک موڑ پر ہے اسٹیٹس کو کو شکست دینے کا وقت آگیا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے قیوم آباد ابراہیم شہید چوک پر تحریک انصاف کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سب سے سیاسی تاریخ کے بلند ترین اور بڑے سیاسی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔کراچی کے علاقے قیوم آباد میں پی ٹی آئی ضلع کورنگی کی جانب سے پچاس فٹ بلند اور 20+14فٹ لمبا پرچم لہرا یا گیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ثمر علی خان ، منصور شیخ، الیاس شیخ، راجہ اظہر ، نصرت واحد،طاہر ملک،افتخار فاروقی، فہیم خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔دوہزار اٹھارہ میں عدالتوں کی طرح عوام بھی اپنے ووٹ سے بڑے فیصلے کرینگے ۔ سستے تندور کی طرح دیگر بہت سارے پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز ہارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی کا ستیاناس کر دیا ہے۔کراچی کے شہری پینے کے پانی سے محروم ہیں جس کی ذمہ دار موجودہ حکومت اور ایم کیو ایم ہے۔حکومت کی نااہلی کی وجہ سے شہر کے لوگوں کو پانی فروخت کیا جا ریا ہے۔ دو ہزا اٹھارہ میں پی ٹی آئی صوبائی اور وفاقی حکومت بنائے گی زیر اعظم عمران خان ہو نگے۔جن لوگوں نے کرپشن کی اور ملک کی دولت کو لوٹا وہ جلد جیل میں ہوں گے۔

تازہ ترین