شیخوپورہ(آئی این پی)شیخوپورہ کے نواحی علاقہ میں سگے بھائی نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے اپنی بہن، بہنوئی اور 2سالہ بھانجے کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔بچ جانے والے پانچ سالہ بچے نے بتایا کہ سبکو ماموں نے قتل کیا ہے،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے سینر وکیل کے فیملی سمیت قتل ہونے کا نوٹس لے لیا ہے،تفصیلات کے مطابق فیروزوالہ کے علاقہ میں واقع ایک ھائوسنگ سکیم کی رہائشی عابدہ بی بی نے 8سال قبل روف احمد ٹھاکر ایڈووکیٹ سے گھر والوں کی مرضی کے خلاف پسند کی شادی کی ہوئی تھی جس میں سے انکے دو بچے بھی تھے عابدہ بی بی کے بھائی رفیق کو اس بات پر اپنی سگی بہن اور بہنوئی پر رنجش تھی گزشتہ روز اسی رنجش کی بنا پر رفیق اپنی بہن کے گھر آیا اور اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اپنی بہن عابدہ، بہنوئی روف احمد ٹھاکر اور 2سالہ بھانجے کو اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور دوسرا بھانجا 5سالہ ولی بیڈ کے نیچے چھپ گیا اور بچ گیا جس نے پولیس کو بتایا کہ میرے ابو امی اور میرے بھائی کو میرے ماموں نے قتل کیا کیونکہ جب انہوں نے ہمارے گھر داخل ہو کر میرے ابو امی اور بھائی پر فائرنگ کی تو میں دیکھ کر بیڈ کے نیچے چھپ گیا تھا تہرے قتل کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ڈی پی او شیخوپورہ چوہدری سرفراز احمد ورک بھاری نفری کے ہمراہ موقع واردات پر پہنچ گئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے سینر وکیل کے فیملی سمیت قتل ہونے کا نوٹس لے لیا اور سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔