اسلام آباد(طاہر خلیل) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہےکہ نوازشریف کلیئر کریں ان کے بچے پاکستانی شہری ہیں، چیئرمین نیب کے معاملے پر کوئی مک مکا نہیں ہوا اور اس پر اپوزیشن کا بھی کوئی گلہ نظر نہیں آیا۔اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا بیک گراؤنڈ بہت بہتر ہے،ایمانداری سے کہتا ہوں کہ یہ ایسا نام تھا جو سب کو قابل قبول ہےجب کہ نئے چیئرمین نیب کے نام پراپوزیشن کی جانب سے کوئی گلہ شکوہ نظرنہیں آیا اور ابھی تک کسی نے تنقید بھی نہیں کی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر تحریک انصاف اورایم کیو ایم کے نام بھی زیر غور لائے گئے، اس پر کوئی مک مکا نہیں ہوا۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جاوید اقبال کو کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکے گا لہٰذا ہمیں چاہئے کہ چیئرمین نیب کو متنازع نہ بنائیں۔