• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو دعوؤں سے ہٹنے نہیں دیںگے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت قبائل کے ساتھ اپنے طے شدہ موقف سے پیچھے ہٹنے نہیں دیں گے۔ فاٹا کی حیثیت بفر زون کی نہیں ہونی چاہیے،حقوق تسلیم کیے جائیں، قبائلی عوام کو ٹرخانے کی بجائے انہیں بھی وہی حقوق دیے جائیں جو ملک کے دوسرے شہریوں کو حاصل ہیں ۔ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک و قوم کے لیے قربانیا ں دی ہیں اب ان قربانیوں کے بدلے انہیں ظلم و جبر کا شکار نہ بنایا جائے ۔ اب فاٹا کی حیثیت بفر زون کی نہیں ہونی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے اسلام آباد کے ڈی چوک میں جاری دھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم اور سرتاج عزیز اصلاحاتی کمیٹی کی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے ۔ قبائلی عوام کو تعلیم ،صحت ،روزگار اور ملک کے دوسرے شہریوں کی طرح انصاف کے مواقع دیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ فاٹا میں کوئی یونیورسٹی میڈیکل کالج اور بڑا ہسپتال نہیں ۔ ایک کروڑ سے زائد قبائلی عوام انتہائی پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ان تمام پریشانیوں کا اصل سبب ایف سی آر کا ظالمانہ نظام ہے جس سے وہ قیام پاکستان کے بعد بھی آزادی حاصل نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیٹیکل انتظامیہ نے عوام کے حقوق غصب کررکھے ہیں ۔ کسی ایک فرد کے جرم کی سزا پورے خاندان اور قبیلے کو دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب فاٹا کے عوام ایف سی آر کے خاتمہ کے علاوہ کسی بات پر راضی نہیں ہوں گے۔
تازہ ترین