پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز نے قومی ٹیم کے بہترین آل رائونڈر شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے آل رائونڈر کیرن پولارڈ کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔
ملتان سلطانز نے اس بات کا اعلان اپنے پری ڈرافٹ سلیکشن کے موقع پر مختلف کیٹیگریز میں دستیاب 9 کھلاڑیوں کے انتخاب کے دوران کیا۔
پی ایس ایل کے پچھلے دو سیزنز میں کھیلنے والی 5ٹیموں نے پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری سے 2،2 اور سلور درجے سے 3کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ،یوں ہر ٹیم کو 9کھلاڑی رکھنے کی اجازت ملی۔
اس طر ح مقابلے میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان سلطانز کوپری ڈرافٹ مرحلے میں4 کیٹگریز میں سے 9کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے تیاری کے آغاز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے ماسٹر بلاسٹر کیرن بولارڈ کی خدمات پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کرلیں ۔
اس موقع پر ملتان سلطانز کے صدر عشر شون نے کہا کہ شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت ہمیں ایونٹ میں تقویت پہنچائے گی ،جو ٹی 20 کرکٹ کا بہت تجربہ رکھتے ہیں ۔
اس موقع پر مشہور سری لنکن وکٹ کیپر بیٹسمین کمارا سنگاکارا اور سہیل تنویر کا انتخاب ڈائمنڈ کیٹنگری میں کیا ہے ۔
ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر کرکٹ وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کمار ایک ماسٹرکلاس رکھنے والے کھلاڑی ہیں، وہ ٹی 20 کرکٹ میں نہایت مستقل مزاج کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں ۔
گولڈ کیٹگری کی خاص بات2 فاسٹ بولرز ہیں، جن میں محمد عرفان اور انتہائی خطرناک پیسر جنید خا ن شامل ہیں ، یہ دونوں کھلاڑی مختصر فارمیٹ کے کھیل میں اپنی ایکوریسی کے لیے جانے جاتے ہیں۔
سلور کیٹگری میں لیگ بریک بولنگ کرنے والے فاٹا کے عرفان خان ، آل راؤنڈرکاشف بھٹی اور مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود شامل ہیں۔