• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ آج سے ڈھاکا میں شروع، پاکستان اور بنگلہ دیش مدمقابل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دسواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ بدھ سے ڈھاکا میں شروع ہوگا، پاکستانی ٹیم نئے کپتان محمد عرفان کی قیادت میں اپنی مہم کا آ غاز میزبان بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کرے گی، ایشیا کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو اب تک کھیلے گئے چاروں میچوں میں ناکامی سے دوچار کیا ہے، 22 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ایشیا کی8 بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، چین، جنوبی کوریا، جاپان، اومان اور ملائیشیا شامل ہیں۔

ان ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، جاپان اور گروپ بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور اومان شامل ہیں،ایشیا کپ میں پاکستان نےڈھاکا میں اس سے قبل 1985میں اعزاز جیتا تھا، پاکستان نے 1982اور1989 میں کراچی اور دہلی میں بھی ایشیا کپ جیتا ہے،ایشیا کپ میں پاکستان نے تین مرتبہ سلور اور دو بار برانز میڈل بھی اپنے گلے کی زینت بنایا ہے، جنوبی کوریا نے چار مرتبہ ایشیا کپ جیتا ہے، یہ ٹیم دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں اپنے دفاع کے لئے ایکشن میں نظر آئے گی،بھارت نے دو مرتبہ یہ اعزاز جیتا ہے،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بدھ کو میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے کھیلا جائے گا،دوسرے میچ میںجاپان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگیں،پاکستانی کھلاڑیوں نے مولانا بھاشانی اسٹیڈیم میں دو گھنٹے پریکٹس کی، جبکہ ایک روز قبل چین کو پریکٹس میچ میں 3-2سے ہرایا،پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی خاصے پر جوش ہیں وہ اس ایونٹ میں کام یابی کے ساتھ وطن واپس جائیں گے، انہوں نے کہا کہ چین کے خلاف پریکٹس میچ سے حوصلہ ملا ہے، انہوں نے کہا کہ ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ کوئی بھی ٹیم اور میچ آسان نہیں ہوتا ہے۔

تازہ ترین