• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور،بے وفائی پر محبوبہ کو قتل کرکے نوجوان نے خود کو گولی مارلی

قصور،پھول نگر( نمائندہ جنگ،نامہ نگار) قصور کے علاقےبھگیانہ کلاں میں عاشق نے بےوفائی پر محبوبہ کو فائرنگ کر کے قتل کردیااورخودکو بھی گولی مارکر خودکشی کر لی۔ فائرنگ سے محبوبہ کی بہن بھی شدید زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطا بق بھگیانہ کلاں کے رہائشی محمد زبیر ولد رحمت علی نے تھانہ صدر پھولنگر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شام وہ اپنے والد،و الدہ اور دو بہنوں منزہ اور سمیرا بی بی کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ ملزم ارسلان گھر میں داخل ہوا اور پسٹل سے فائرنگ کر کے فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجہ میں اس کی دو بہنیں زخمی ہوگئیں۔ دونوں کو علاج کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ایک بہن سمیرا بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جبکہ بہن منزہ شدید زخمی ہے۔ دوسری جانب ملزم ارسلان نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی ۔ محمد زبیر نے مزید بتایا کہ دوسال قبل ارسلان سمیرابی بی سے ملنے آتاتھا،جس پر اہل ِ علاقہ نے ارسلان کا گائوں میں داخلہ بند کردیا ۔ اسی رنجش کے باعث ملزم ارسلان نے بہن سمیرا کو قتل جبکہ منزہ کو زخمی کردیا۔ تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے مقتولہ سمیرا بی بی کے بھائی زبیر کی درخواست پر قتل جبکہ متوفی ارسلان کے والد حبیب اللہ کی درخواست پر خودکشی کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔جبکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاگیا۔
تازہ ترین