جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام طبقاتی نظام ہے، ایک دن بھی حکومت ملی تو سودی نظام ختم کردیں گے۔
مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وہ ملک میں خلافت کا نظام دیکھناچاہتے ہیں، عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام ہونا چاہئے، عدالتوں میں رشوت وکرپشن کی وجہ سے انصاف ناپید ہوگیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان نے ہر بار ملک سے بے وفائی کی ہے،سپریم کورٹ سے پاناما کے دیگر 434 لوگوں کا بھی جلد احتساب چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ 70 سال بعد بھی ملک میں ایک نظام تعلیم نہیں، حکومت ملی تو ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے، تعلیمی نظام نے قوم کو تقسیم کیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کو سب سے بڑا خطرہ ہمارے اپنے حکمران ہیں، حکومت نے ختم نبوت پر بھی شب خون مارنے کی گھٹیا کوشش کی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ختم نبوت پر شب خون مارنے کی گھٹیا سازش بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر کی گئی ہے،عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑنے والوں کو بے نقاب کیا جائے، رانا ثناء اللہ کو وزارت سے فارغ کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ نواز شریف ڈاکٹر عافیہ سے متعلق وعدہ پورا کریں، یہ دختر فروش برادر فروش سب کچھ ہیں، امریکامیں ہماری بے عزتی ان ظالم حکمرانوں کی وجہ سے ہو رہی ہے ۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ یہ سب امریکی گھوڑے ہیں، ایک بدنام ہوتا تو دوسرا آگے لایا جاتا ہے، ان کے پیٹوں سے غریب ہم وطنوں کا ایک ایک پیسہ نکالنا چاہتا ہوں۔