• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی حملوں کے بعد شاہ محمود قریشی کو فوری بھارت چھوڑ دینے کا کہا تھا،پرناب مکھر جی کا انکشاف

کراچی / لاہور (رفیق مانگٹ / خالد محمود خالد ) بھارت کے سابق صد ر نے انکشاف کیا ہے کہ ممبئی حملوں کے دوران بھارت کے سرکاری دورے پر آئے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے فون کرکے فوری طور پر انہیں بھارت چھوڑ دینے کا کہا تھا، اس کے لئے انہیں وطن واپس بھیجنے کے لئے اپنے سرکاری طیارے کی پیش کش بھی کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے سابق صدر پرناب مکھر جی نے یہ انکشاف اپنی نئی کتاب میں کیا جس کی رونمائی جمعہ کی شام ہوئی،سن2008میںممبئی حملوں کے وقت پرناب مکھرجی بھارت کے خارجہ امور کے وزیر تھے اور پاکستان کے اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھارت کے سرکاری دورے پر تھے۔انہوں نے لکھا کہ ممبئی کامحاصرہ شروع ہونے کے چار دن بعد انہیں معلوم ہوا کہ پاکستانی وزیر خارجہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے ذریعے مداخلت کرنے کا فیصلہ کیا جنہیں وہ جانتے تھے کہ وہ پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ صحافی کو فون کرکے انہوں کہاکہ پاکستانی وزیر خارجہ کو میرا پیغام دو کہ وہ مجھ سے(پرناب مکھرجی) سے فوری بات کریں۔پریس کانفرنس کے دوران جب دونوں وزرا خارجہ کا فون پر رابطہ ہوا تو پرناب مکھرجی نے شاہ محمود قریشی سے کہا کہ ’مسٹر منسٹر ان حالات میں بھارت میں آپ کے قیام سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو گا، آپ کو آپ کے وطن واپس لے جانے کے لئے ان کاسرکاری طیارہ دستیاب ہے، جتنی جلدی ممکن ہوسکے آپ واپسی کا فیصلہ کریں تو بہتر ہوگا۔ ‘انہوں نے کتاب میں لکھا ہے کہاس پر پاکستانی ہائی کمشنر نے ان کاشکر یہ ادا کیا اور انہیں مطلع کیا کہ ایک پاک فضائیہ کا طیارہ انہیں واپس وطن لے جائے گا۔ہنگامی حالات میں ایک پاکستانی طیارہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھارت سے لانے کے لیے بھیجا گیا تھا ۔یاد رہے کہ26نومبر 2008کو ممبئی حملوں میں 162افراد ہلاک اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے،بھارتی اور مغربی میڈیا نے ان حملوں کا الزام پاکستان کی جہادی تنظیموں پر ڈالا،اورگرفتار ہونے والے ایک حملہ آور اجمل قصاب کو بھارت نے21نومبر 2012کو پھانسی دے دی تھی۔تاہم بھارتی اخبار’ ٹائمز آف انڈیا ‘نے2013میں ایک رپورٹ میں بتایا کہ بھارت کے وزارت داخلہ کے سابق افسر انڈر سیکرٹری آرویایس مانی نے عدالتی بیان میں یہ راز افشاءکیا کہ ممبئی اور بھارتی پارلیمان حملوں کے پیچھے خود بھارتی حکومت کا ہاتھ تھا تاکہ دہشت کے خلاف سخت قوانین پارلیمان سے منظور کروائے جا سکیں۔ادھر نئی دہلی میں پرناب مکھر جی کی نئی کتاب "The Coalition Years, 1996-2012"کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا ہےکہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے 2004ء میں جب انہیں وزیر اعظم نامزد کیا تو کانگریس میں ان سے سینئررکن سابق صدر پرناب مکھرجی سب سے زیادہ اپ سیٹ ہوئے تھے۔
تازہ ترین