اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید ترین مشکلات سے دوچار ہے۔ پاکستان کو ہر صورت بچنا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ گینگ آف فائیو پاکستان کے خلاف ہے کوئی بھی حادثہ ہوا تو یہ ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وہ پاگلوں کا آئی جی رانا ثناء اللہ اور یہ سارے حواس باختہ لوگ ہیں۔ انہوں نے سوچا نہیں تھا ایسا ہوجائے گا یہ گھر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ملک میں اس وقت جو لاقانونیت، غنڈہ گردی کی فضا ہے اس میں پاکستان شدید بحران کاشکار ہے کوئی حادثہ کسی وقت بھی رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اصل صورت حال یہ ہے کہ پاکستان اب نہ شاہد خاقان عباسی سے چل رہا ہے اور نہ حالات ان کے بس میں ہیں اور اس ملک کی کتنی بدنصیبی ہے کہ احسن اقبال اقبال کہہ رہے ہیں کہ اکنامک حالات بہت بہتر ہیں اور مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عدلیہ پر جس قسم کے حملے ہورہے ہیں جو نوازشریف اور اس کی پارٹی کا دستور ہے شکر کریں یہ نیب جج کو اٹھا کر نہیں لے گئے۔