راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس سٹیشنری کی مدمیں 99لاکھ روپے کی نادہندہ ہوگئی۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس نے گذشتہ مالی سال کے دوران راولپنڈی کی ایک نجی فرم سے 99لاکھ 18ہزارایک سونوے روپے کی سٹیشنری آئٹمزخریدیں لیکن اس کی ادائیگی تاحال نہیں ہوسکی ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نشترسٹریٹ صدرراولپنڈی میں واقع مذکورہ فرم کی جانب سے آرپی اوراولپنڈی اورسی پی اوکو اپنی رقوم کی ادائیگی کے لئے کئی خطوط لکھے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ،جس کے بعدمتعلقہ فرم نے رقم کی ادائیگی کے لئے 13اکتوبرکوآئی جی پولیس پنجاب کولیٹربھیجاہے جس میں ان سے واجب الاداخطیررقم کی فوری ادائیگی کی درخواست کی گئی ہے۔یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ ایک سال کے دوران راولپنڈی پولیس نے تقریباً ایک کروڑروپے کی سٹیشنری خریدی لیکن راولپنڈی کے تقریباً تمام پولیس سٹیشنوں میں سٹیشنری کی کمی کی دیرینہ شکایات ہیں اوراکثرپولیس سٹیشنوں میں ایف آئی آرکی کاپی مانگنے والے سائلین سے کہاجاتاہے کہ وہ بازارسے کاغذلائیں توانہیں پرنٹ دیاجائے گا۔جب کہ بیشترتھانوں کے محررکمپیوٹرپرنٹ نکالنے کے لئے ٹونراورپیپراپنی جیب سے خریدتے ہیں۔