ملتان میں چونگی نمبر 9 پر کچرے میں لگنے والی آگ نے واسا کے پلاسٹک پائپوں کو لپیٹ میں لے لیا ، بے قابو آگ نے ریسکیو کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا ۔
چونگی نمبر 9 پر لگنے والی پلاسٹک کے پائپوں کی آگ نے شدت پکڑ لی اور تاحال اس آگ کو نہیں بجھایا جا سکا ہے ، آگ کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کا عملہ منہ کے آگے کپڑا ڈال کر آگ بجھاتا رہا جبکہ ریسکیو اہلکار دور سے ہی آگ پر پانی ڈالتے رہے ۔
پلاسٹک کے پائپوں میں لگنے والی اس آگ نے ریسکیو کی جدید مشینری کا بھی پول کھول دیا اور تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے ۔
تین ریسکیو اور تین فائربریگیڈ کی گاڑیاں اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف رہا ، دھویں کے شدید بادل اور آگ کی وجہ سے میٹرو بس بھی بند کر دی گئی اور ٹریفک کو بھی بند کر دیا گیا ۔