پاکستان ٹینس اسٹار اعصام الحق نے اسٹاک ہوم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کےسیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
اسٹاک ہوم میں جاری ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ اعصام الحق نے اپنے ڈچ پارٹنر جین جولین روجرز کے ساتھ کوارٹر فائنل میں اطالوی جوڑی فابیو فوگینی اور سیمونے بولیلی کو 7-5 اور7-5 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ۔
قبل ازیں پہلے مقابلے میں انہوں نے امریکا کے نکولس مونرو اور آسٹریلیا کے جون پیٹرک سمتھ کی جوڑی کو مات دی تھی۔
واضح رہے کہ اعصام الحق سال 2017 میں 5 ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں۔یکم اکتوبر کو انہوں نے جوناتھن ایلچ کے ہمراہ چینگڈو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز ڈبلز ٹرافی پر قبضہ جماتے ہوئے سیزن میں پانچواں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
انہوں نے فتوحات کا سلسلہ آکلینڈ اوپن سے شروع کیا تھا جہاں پر مارسین میٹکووسکی ان کی کامیابی کے حصہ دار بنے تھےجبکہ سیزن کی دوسری ٹائٹل فتح انہیں بارسلونا اوپن میں فلورین مرگیا کی سنگت میں ملی۔
اعصام نے تیسرا ٹائٹل اناطالیا اوپن میں روبرٹ لنزسے کی شراکت میں جیتااور چوتھا ہال آف فیم ٹینس چیمپئن شپ میں حاصل کی جس میں ان کے ساتھی راجیو رام تھے۔