کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سعید خان پر سیدہ سعدیہ کے الزامات ہاکی حکام نے سازش قرار دے دیے۔ پی ایچ ایف ویمنز ونگ کی سیکریٹری تنزیلہ عامر چیمہ کا کہنا ہے کہ اس سازش میں شریک پلیئرز اور سابق اسسٹنٹ کوچ محمد عثمان اور اس سازش میں ملوث دیگر خاتون کھلاڑیوں پر تاعمر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے ۔ وہ جمعہ کو لاہور میں سعید خان اور خواتین ہاکی ٹیم کے منیجرلیفٹنٹ کرنل ( ر) احمد نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سعدیہ کو سپورٹ کرنے والی پلیئر اقرا جاوید کو بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ سعید خان نے کہا ہے کہ سعدیہ کے مجھ پر ہراساں کیے جانے کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔تنزیلہ عامر چیمہ نے کہا کہ جس ڈنر کی بات سیدہ سعدیہ نے کی ہے وہاں پر میں خود دیگر عہدیداران کے ساتھ موجود تھی اور وہاں پر کوئی ایسا واقعہ نہیں ہوا۔