پشاور( خصوصی نامہ نگار) پشاورہاکی فائیو سپر لیگ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں شروع ہوگئی جس میں پشاور ڈسٹرکٹ کی 13 ٹیمیں تین کیٹگریز انڈ ر 16 ، سینئر اور جونیئر میں حصہ لے رہی ہیں۔ لیگ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کیا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سابق آئی جی سعید خان ، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید ظاہر شاہ اور پشاور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ہدایت اﷲبھی اس موقع پر موجود تھے ۔ افتتاحی میچ سینئر کیٹگری میں پشاور بلیو نے پشاور گرین کو تین کے مقابلے چھ گول سے ہرایا ، بلیو کی طرف سے ضیاء الرحمن ، قیصر نے دو دو جبکہ سلمان اور احسان نے ایک ایک گول کیا، پشاور گرین کی طرف سے عمیر مروت، جہانزیب اور بلال نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرا میچ جو نیئر کیٹگری میں پشاور کوبرا اور ٹائیگرز کے درمیان کھیلاگیا جس میں کوبرا نے پانچ کے مقابلے میں سات گول سے کامیابی حاصل کی۔ کوبرا کی طرف سے دانیال نے تین ، ذیشان اور عباس نے دو دو گول کئے جبکہ ٹائیگرز کی طرف سے گوہر نے دو ، زید ،احسن اور زاہد نے ایک ایک گول کیا۔ انڈر16 میں سول کوارٹر کلب نے قصہ خوانی کو گیارہ نو سے شکست دی سول کوارٹر کی طرف سے اسماعیل نے تین ، امیر حمزہ ، سجاد ، جواد اور احد نے دو دو گول کئے جبکہ قصہ خوانی کی طرف سے صدام نے تین سمیر ، ہلال اور احد نے دو دو گول کئے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہاکی کھیل کے فروغ کیلئے تمام ڈویژن میں نئی آسٹرو ٹرف بچھانے اور اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کا م جاری ہے دسمبر تک صوبے میں ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے گرائونڈ مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ادا کررہا ہے اب تک 80 گرائونڈمکمل ہوچکے ہیں جنہیں نظامت کھیل کے حوالے کیا گیا ہے۔ لیگ منتظمین کا کہنا تھا کہ انڈر 16 میں بھانہ ماڑی ، سول کوارٹر ، حیات آباد اور قصہ خوانی کلب ، جونیئر کیٹگری میں ٹائیگرز ، لائنز، کوبرا اور ایگلز جبکہ سینئر میں پشاور بلیو ، پشاور گرین ، پشاور وائٹ ، پشاور ریڈ اور پشاور یلو کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔