اسلام آباد ( ایجنسیاں) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شیخ رشید اور ریاض پیرزادہ کی خواہش پر ( ن ) لیگ نہیں ٹوٹے گی‘نوازشریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے ‘شیخ چلی نامراد تھا اور رہے گا۔ جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے اور اس بات کا ثبوت 2018 ء کے انتخابات میں مل جائے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے کیونکہ شور شرابا‘ فیصلے اور سازشیں سچ نہیں چھپا سکتیں ‘ریاض پیرزادہ جیسے لوگ اپنے مفاد کیلئے سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں مگر مسلم لیگ ( ن ) میں پارٹی قیادت کی جگہ خالی نہیں ہے۔سعد رفیق کا کہنا تھاکہ لال حویلی کے لال بجھکڑ نے ہمیشہ طاقتور کے تلوے چاٹے‘شیخ چلی نامراد تھا اور نامراد ہی رہے گا ۔
نوازشریف پرکرپشن یا اختیارات سے تجاوزکاکوئی مقدمہ ہے نہ ہی اب تک کوئی ثبوت سامنے آیا لیکن پھر بھی انہیں نااہل کردیا گیا، نوازشریف کو احتسابی جال میں جکڑ کر سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے۔شیخ چلی کی طرح پاں پکڑ کر اقتدار میں رہنے سے بہتر ہے کہ چند روز کم ہی سہی لیکن شیروں کی طرح جیا جائے، اقتدار میں رہنے یا نہ رہنے کا اختیار صرف اللہ کے اختیار میں ہے‘ہمیں گالیاں دینے والوں سے کئی گنا زیادہ پسند والوں کی تعداد ہے، ہمیں جاہلوں سے مقابلہ کرنے کے لئے بدزبانی نہیں کرنی اور نا ہی گولی اور گالی ہمیں اپنی راہ سے ہٹا سکتی ہے۔