• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات سے پہلے احتساب مکمل کیا جائے، سراج الحق،2018ء میں الیکشن کرائے گئے تو خون خرابہ ہوگا، پیرپگارا

Todays Print

کراچی‘صوابی(نمائندہ جنگ‘آئی این پی) حروں کے روحانی پیشوا پیر پگاراپیرصبغت اللہ شاہ راشدی نے پیشگوئی کی ہے کہ 2018ء کے الیکشن نہیں ہوں گے‘اگر انتخابات کرائے گئے توگلی گلی خون خرابہ ہوگا ‘ حالات بہترنہ ہوئے تو ملک کو نقصان ہوگا‘عمران خان سمیت مختلف جماعتوں کے سربراہوں سے رابطے میں ہیں ‘ٹکراؤ کی سیاست سے نقصان ہو گا۔وہ گزشتہ روز یہاں سینئر سیاستدان ممتاز بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ پیر پگارا نے اس موقع پرکہا کہ سندھ میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس عوام کی آخری امید ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ موجودہ طرز حکمرانی عوام کو پسند نہیں اور 10 برسوں سے حکومت میں رہنے والوں نے عوام کو کیا دیا۔

دریں اثناءامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ سے الیکشن 2018 سے قبل ملک میںاحتساب کا عمل مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ احتساب کے لئے سب سے پہلے میں خود کو پیش کرتا ہوں ،ملک کے تمام سیاسی لیڈروں کااحتساب ضروری ہے کیونکہ پاکستان میں پیسوں کی کرپشن نہیں بلکہ نظریاتی ،اخلاقی اور انتخابی کرپشن بھی عروج پر ہے ،اس سے نجات کا واحد راستہ ملک میں نظام شریعت کا نفاذ ہے اور اس کے لئے جماعت اسلامی آخری حد تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘پانامااسکینڈل میں ملوث تمام افرادکو پکڑکر اڈیالہ جیل میں ڈالاجائے ۔

ہفتہ کی شام صوابی گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے غریب لوگوں نے باہر ممالک میں مزدوری کرکے اپنی دولت پاکستان منتقل کی لیکن گزشتہ 70سالوں سے ہر حکمران اقتدار میں آکر قوم کی دولت لوٹ کر بیرون ممالک منتقل کرتے ہیں ،اس لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان 82ارب ڈالر مقروض ہے ،375 بلین ڈالر سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے اور اس کا اعتراف صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز بنوں میں ایک تقریب میں بھی کیا ہے کہ حکومت نے 1480 ارب روپے کا قرضہ لیا مگر پاکستان میں ڈیمز بنائے گئے نہ ہی اسپتال اور نہ ہی یونیورسٹیاں قائم کی گئی اور اس قرضے کو ہڑپ کیا گیا ،اب قوم کا فرض بنتا ہے کہ وہ حکومت سے پوچھے کہ یہ قرضہ کہاں گیا ،انہوں نے کہا کہ امریکہ نے چند گھوڑے رکھے ہیں ،ایک گھوڑا بدنام ہونے پر دوسرا گھوڑا سامنے لاتا ہے ،اب امریکا ،برطانیہ اور بھارت کو علاقے کا چوہدری بناکر مسلط کرنا چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے لہٰذا پاناما اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کو پکڑ کر اڈیالہ جیل میں ڈال دیا جائے،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عقیدہ ختم نبوت کے حلف نامے کو آئین سے نکالنے کے لئے رات کے اندھیرے میں شب خون کیا ،نوازشریف کے اعلان کے باوجود راجہ ظفرالحق کی رپورٹ نہیں آئی ،انہوں نے کہا کہ ترمیم کی اس سازش میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں اس لئے وفاقی حکومت رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لانا چاہتی ،سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام کے قیام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ‘اب اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں ‘تمام سیاسی جماعتیں امریکی غلام اور ایجنٹ کا کردار ادا کررہی ہیں ۔

تازہ ترین