کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈھاکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں اتوار کو پاکستان نے جنوبی کوریا کو 6-3سے شکست دے کر تیسری پوزیشن جیت لی اور وکٹری اسٹینڈ پر قدم رکھ دیا، ، فائنل میں بھارت نے ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا، بھارت کی جانب سے رامن دیپ سنگھ نے تیسرے اور لیلت اپا دیو نے 29ویں منٹ میں گول بنایا، حریف ٹیم کا واحد گول 50ویں منٹ میں شیری صباح نے اسکور کیا، کوریا کے خلاف میچ میں اعجاز احمد نے ہیٹ ٹرک کی، محمد ابوبکر ، راشد محمود نےاور محمد یعقوب نے ایک ایک گول اسکور کیا۔کوریا کی طرف سے سک ہیون ، لی نیم ینگ اور انوو سیو نے گول بنائے۔ ایونٹ میں پاکستان کی یہ دوسری جیت تھی اس نے پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش کو ہرایا تھا۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں مسنگ ہماری ناکامی کی اہم وجہ ہے، ہر میچ میں گول کے چانسز ضائع کئے جس کی وجہ سے فائنل تک نہ پہنچ سکے ، وکٹری اسٹینڈ پر آنا خوش آئند ضرور ہے۔پاکستانی ہاکی ٹیم پیر کی شام پانچ بجے ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی۔