• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی کرپشن کیخلاف 26 نومبر کو سکھر میں جلسہ ہوگا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس ن( جی ڈی اے )ےپیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف26 نومبر کوسکھر میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کی تمام نشستوں سے الیکشن لڑیں گے ۔الائنس کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرایا جائیگا۔ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نواز شریف سے زیادہ کڑا احتساب زرداری لیگ کا ہوناچاہئے۔سندھ میں کرپٹ بیوروکریسی کو لگام دی جائے جو پیپلزپارٹی کے ہر برے کام میں ساتھ دے رہی ہے۔اتوار کو گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا اجلاس کراچی میں مسلم فنکشنل کے سربراہ پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدہ (پیر پگار ) کی صدارت میں کنگری ہاؤس میں ہوا ۔ جس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم، سید غوث علی شاہ، نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ مرتضیٰ جتوئی، قومی عوامی تحریک کے رہنما ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر ذوالفقار مرزاانکے بیٹے رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا ، پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی، سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ ممتاز بھٹو،سید مظفر شاہ، منور عباسی و دیگر بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں ایاز لطیف پلیجو کو گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا سیکرٹری جنرل اور سردار رحیم کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ۔ پیر پگارا نے کہا کہ سیاسی ہوا اور طوفان پر سنجیدگی سے غور کیاگیاہے۔چھبیس نومبر کے جلسے میں جی ڈی اے کے تمام رہنماشرکت کریں گے۔سکھر جلسہ میں سندھ کے عوام کو بتایا جائیگا کہ پیپلز پارٹی کے 9سالہ کار کردگی میں کیا کھویا اور کیا پایا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اداروں سے ٹکرائو ملک کے مفاد میں نہیں، اعلی عدالتیں کرپشن کے خلاف کارروائی کریں اور نیب مزید متحرک ہو اور کرپٹ بیوروکریسی کے خلاف شکنجہ مضبوط کرے ۔انھوں نے کہا کہ ڈیمو کریٹک الائنس کو پیر پگارا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرایاجائے گا تاکہ ائندہ انتخابات میں ایک قوت کے طور پر حصہ لیا جاسکے ۔ آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیت کر صوبے میں حکومت بنائینگے۔پیر پگارا کی سربراہی میں اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جبکہ سیاسی جماعتو ں کو اتحاد میں شامل کرنے کیلئے کو آرڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے تاہم اس کے اراکین کا اعلان بعد میں مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ26نومبر کو مورو سے ایک ریلی نکالی جائے گی جو سکھر میں جلسہ گاہ پہنچے گی، اس ریلی کی قیادت الائنس میں شامل سیاسی جماعتوں کے رہنما کریں گے۔انھوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن بائیو میٹرک سٹم کے تحت کرائے جائیں ۔انھوں نے کہا کہ جی ڈی اے میں شامل وفاقی وزراءمرتضیٰ جتوئی اور صدر الدین شاہ راشدی اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں تاہم ان کے استعفیٰ دینے کا فیصلہ الائنس کریگا۔سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ سندھ کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے ملک کے معروف بلڈ ر کو بیچا جارہا ہے لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے ۔سندھ دھرتی ہماری ماں ہے اسے جو بھی بیچے گا وہ ہمارا دشمن ہوگا ۔ہمارا اتحاد سندھ کے مظلوم لوگوں کو حق دلائے گا ۔ انھو ں کہا کہ ملک میں الیکشن اور احتساب کا ہونا دونوں بہت ضروری ہیں ،مناسب وقت پر اہلیہ اور بیٹے کی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کروں گا۔پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ آصف زرداری کا پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ پارلیمنٹرین کے صدر ہیں۔ پیپلز پارٹی میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اورملک کی بڑی جماعت سندھ تک محدود ہوگئی ہے ۔اب پیپلز پارٹی میں جلد بغاوت ہوگی۔
تازہ ترین