لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2018ءکے الیکشن بر وقت ہونے چاہئیں،الیکشن ملتوی کرنے سے ملک بہت بڑے بحران سے دوچار ہوسکتاہے، لیکن اسکے ساتھ ساتھ ا حتساب کا عمل بھی جاری رہنا چاہیے ، صر ف نوازشریف کے احتساب پر قوم مطمئن نہیں بلکہ قوم پاناما کے ہر ملزم کا احتساب چاہتی ہے، احتساب نہ ہوا تو چوراہوں پر عدالتیں لگیں گی، بچوں کی سڑکوں پر پیدائش حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، نوازشریف حکومت نے چار سالوں میں 14سو 80 ارب روپے کاقرضہ لیا لیکن لاہور کے علاوہ پورے ملک اور پنجاب کی سڑکیں موہن جوداڑو کا نقشہ پیش کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام عزم نو کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق چلا گیالیکن اسکی روح آج بھی نواز شریف میں موجود ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس میں 436 افراد کے نام ہیں اور ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں، چیئرمین نیب سے کہتا ہوں قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اگر آپ بھی انصاف نہ کر سکے تو پھر چوراہوں میں عدالتیں لگیں گی۔ سراج الحق نے کہا کہ نوازشریف تین بار وزیراعظم بنے لیکن انہوں نے آمرانہ روش اختیار کی ۔جمہوریت اور جمہور ی اداروں کا بیڑہ غر ق کیا اب وہ عدالتی فیصلے کیخلاف جمہوریت کے نام پر اپنی ذات اور خاندان کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہاہوں ۔ تین لاہوریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو فرار کرانے والے یہی حکمران تھے۔جماعت اسلامی ہی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کے تمام فیصلے شریعت کے مطابق ہوتے ہیں۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، ذکر اللہ مجاہد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ ملکی سیاست افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی ہے اسی لیے یہاں جمہوری ادارے کمزور ہیں ۔ بچوں کی سڑکوں پر پیدائش حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جب تک یہ نظام رہے گا نواز شریف، آصف زرداری پیدا ہوتے رہیں گے، خدا کے لیے ان سیاسی پنڈتوں کے گھروں کا طواف مت کریں۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ یہ عظیم الشان عزم نو کنونشن اس بات کا پیغام دے رہاہے کہ جماعت اسلامی لاہور میں زندہ ہے اور تمام طبقہ ہائے زندگی کی نمائندہ جماعت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہوریوں کا ووٹ ہر الیکشن میں چوری ہوا اور مینڈیٹ کو یرغمال بنایا گیا ۔ حالات نے ثابت کردیاہے کہ کرپٹ اور نااہل لوگ لاہور کو بدنامی کے سوا کچھ نہیں دے سکتے ۔ جماعت اسلامی حالات کو بدلنے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین ،اسلامی نظریے اور جمہوری نظام کی بقا کے لیے دین سے محبت کرنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔