کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی کی ٹیم نے راولپنڈی ریجن کو سات وکٹ سے ہرا کر دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی وائٹس نےجیت کے لئے درکار 103 رنز تین وکٹ کے نقصان پر بنالئے ۔ ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال نےآئوٹ ہوئے بغیر9 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ایک اور میچ میں ایبٹ آباد میں لاہور بلیوز نے ایبٹ آباد کو8 وکٹ سے ہرادیا۔ پشاور کو دوسری اننگز میں 65 رنز پر آئوٹ کرنے کے بعد لاہور نے99 رنز آسانی سے بنالئے۔ وقاص سلیم نے47اورطیب طارق نے43 رنز بنائے۔ ڈائمنڈ گرائونڈ میں اسلام آباد کے پہلی اننگز کے اسکور 386 رنز کے جواب میں فیصل آباد نے204 رنز بنائے۔ فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں سات وکٹ پر158 رنز بنائے تھے۔ ایل سی سی اے گرائونڈ میں فاٹا کے خلاف لاہور وائٹس کے عثمان صلاح الدین نے سنچری بنائی۔ عثمان نے پہلی اننگز میں46 رنز بنائے تھے۔