اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکا ،افغانستان طالبان مذاکرات کئی مرتبہ سبوتاژکر چکا ہے، پاکستان اور افغانستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں ۔ ہم دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے درمیان مزید مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک امریکی اور نیٹو فوجیں افغانستان میں ہیں خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔مستحکم افغانستان پرامن پاکستان کیلئے بھی ضروری ہے ،امن کا قیام دونوں برادر اسلامی ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ افغان حکومت اور طالبان گروپوں کے درمیان مذاکرات کو کئی بار سبوتاژ کرچکا ہے ،وہ چاہتا ہے کہ افغانستان میں جو بھی مذاکرات ہوں وہ امریکی مفادات کے تابع ہوں ۔ خطے ،خاص طور پر افغانستان میں بھارت کے عمل دخل کو بڑھانے اور علاقے کا تھانیدار بنانے کی امریکی پالیسی جنوبی ایشیا کو مستقل طور پر انتشار اور انارکی کے حوالے کرنے کے مترادف ہے۔