عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ نواز شریف پارٹی نے محاذ آرائی سے دستبرداری کافیصلہ کرلیا، جوگرز پہن کر تیار بیٹھے ایم این ایز کی تعداد 60 سے زائد ہے ۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 20 سے 25 ایم این ایز کاتعلق جنوبی پنجاب سےہے اور وہ سیٹی بجنے کے انتظار میں ہیں۔
سربراہ عوامی لیگ کا کہنا ہے کہ چالیس سال سے شریف خاندان حکومت میں ہے، اپنی متبادل قیادت پیدا نہیں ہونے دی، کتنی ستم ظریفی ہے کہ خود نااہل ہوگئے لیکن شہبازشریف کو موقع نہیں دیا، جمہوریت کے خلاف سب سے بڑی سازش پانچ خاندان ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہی ن لیگ کو لیڈ کریں گے، اسحاق ڈار نے عملی طورپر وزارت خزانہ چھوڑ دی ہے، صرف نواز شریف کے دباؤ کی وجہ سے شاہد خاقان، اسحاق ڈار کو لے کر چل رہے ہیں، ساری تباہی کا موجب مریم صاحبہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حدیبیہ پیپرز کا فیصلہ ہوگا تو ن لیگ کے مستقبل کافیصلہ ہوگا، کسی نے دنیامیں نہیں کہا کہ انہیں کیوں نکالا، چیئرمین نیب نے شروعات تو بہت اچھی کی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب اس کیس میں بری ہوں گے، جمائما کا ان کے کیس میں تاریخی کردار ہے، مارچ سے پہلے پہلے سب چوروں کا کک مارچ ہوجائے گا۔