کراچی (اسٹاف رپورٹر)عقیل خان نے صبح نو نیشنل کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ ڈبلز کے فائنل میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے فائنل میں انہوں نے مزمل مرتضیٰ کوشکست دی۔ مینز ڈبلز کے فائنل میں ایم عابد اور عثمان رفیق نے عقیل خان اور ہیر ا عاشق پر مشتمل جوڑی کو شکست دے دی۔بوائز انڈر 18 کا فائنل ثاقب عمر کے نام رہا جنہوں نے محمد شعیب کو زیر کیا۔ لیڈیز سنگلز کے سیمی فائنل میں سارہ منصور نے سارہ محبوب کو شکست دی جبکہ اشنا سہیل کے مقابلے میں علینا آفتاب زخمی ہونے کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہوگئیں۔ لیڈیز سنگلز کے فائنل میں ہفتہ کو سارہ منصور اور اشنا سہیل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بوائز انڈر 14 کے سیمی فائنلز میں سمیع زیب اور عزیر خان فاتح رہے۔