• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں سیاست اور جمہوریت پیسے کے ہاتھوں یرغمال ہیں ،سراج الحق

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ضمنی الیکشن حکومت کا ہوتاہےجو ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام کی مجبوریوں کو خریدتے ہیں، حق اور باطل کے معرکے میں غیر جانبدار نہیں رہ سکتے، سیاست اور جمہوریت پیسے کے ہاتھوں یرغمال ہیں ، مستقبل کی سیاست جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی نہیں دیانتدار اور کرپشن سے پاک لوگوں کی ہے ،جماعت اسلامی 2018 ءکے انتخابات میں بہتر نتائج دے گی، حکومت ختم نبوت میں نقب لگانے کی کوشش کرنے والوں کو بے نقاب کرکے سزا دے، ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی ایچ ڈیز کے کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ حکومت کئی مسائل میں الجھی ہوئی ہے ، عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ مستقبل کا پاکستان ایک اسلامی و خوشحال پاکستان ہوگا جس میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کی فلاح اور ملکی دفاع ہر چیز پر مقدم ہوگا ، ہم ملک میں دیانتدار اور باصلاحیت لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر ایک جھنڈے تلے جمع کرنا چاہتے ہیں ،دینی جماعتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور قومی و بین الاقوامی مسائل پر سب کی سوچ یکساں ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت ختم نبوت میں نقب لگانے والوں کوجان بوجھ کر چھپارہی ہے اور انہیں تحفظ دیا جارہاہے ،حکومت مجرموں کو بے نقاب کرکے سزا دے اوران سے لاتعلقی کا اعلان کرے ، قوم پاکستان کو ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان دیکھنا چاہتی ہے ایسا پاکستان جس پر بیرونی قرضوں کا بوجھ نہ ہو جس میں عدالیہ کی بالادستی ہو اور ہر ایک کو انصاف ملے ، انہوں نے کہاکہ ملک میں تعلیم ، صحت اور روزگار کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے، حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں ، ہم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کو جمع کیا جنہوں نے تجاویز دی ہیں ان کی روشنی میں جماعت اسلامی ایک لائحہ عمل تیار کرے گی،ہم ویلیفئر پاکستان کا ایک قومی ایجنڈا دیں گے اس کی تکمیل کیلئے تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا،ہم نے 25 سالہ منصوبے پر غور کیا ہے کہ کس طرح ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے،جلد کراچی میں پی ایچ ڈی کانفرنس منعقد کرینگے ،ہم فلاحی اسلامی مملکت بنانا چاہتے ہیں جہاں کسی کو بنیادی سہولیات کی محرومی کا احساس نہ ہو،این اے فور میں ورکرز کی خاطر حصہ لیا، 2018ء کے انتخابات ہو نے چاہیئں،قوم و ملک کسی اور تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتے،ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔
تازہ ترین