ٹھٹھہ(نامہ نگار)ایدھی سینٹر خالی کرانے کے خلاف شہریوں کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے عدالتی حکم پر ایدھی سینٹر ٹھٹھہ سیل کرنے کے خلاف ایدھی سینٹر بچاؤ ایکشن کمیٹی سمیت دیگر سماجی تنظیموں کی جانب سے پانچویں روز بھی احتجاج جاری رہا، مظاہرین نے ٹھٹھہ کراچی قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر مسلسل تین گھنٹے تک شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، دھرنے میں شہریوں کی بڑی تعداد کے علاوہ اظہار یکجہتی کے طور پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر صادقی علی میمن، جنرل سیکرٹری امتیاز قریشی، حمید پہنور، ممتاز میمن، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر حاجی حنیف میمن، ریاض شاہ شیرازی، سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر جمیل میمن، ضلعی صدر ناتھو خان بروہی و دیگر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے انتظامیہ اور پولیس کے خلاف شدید نعرے لگاتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ ایدھی سینٹر سیل کرانے کا سو موٹو نوٹس لیتے ہوئے سینٹر کو دوبارہ کھولا جائے۔